23/08/2026
عمران خان کی صحت کے معاملے پر دنیا کے نامور سابق کرکٹ کپتان ایک بار پھر سامنے آگئے، 22 سابق عالمی کپتانوں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر طبی معائنے اور علاج سے متعلق تین اہم مطالبات پیش کردیے۔
کرکٹ ویب سائٹ ESPNcricinfo کے مطابق سابق کپتانوں نے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور ایسے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی جس میں ان کے ذاتی معالجین اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں، جبکہ ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بحال کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔
خط میں تشویش ظاہر کی گئی کہ عمران خان کا اسپتال میں قیام چند گھنٹوں تک محدود رہا اور عدالتی ہدایات کے مطابق میڈیکل بورڈ کے بجائے سرکاری طور پر مقرر کردہ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔ مذکورہ ٹیم کی جانب سے طبی طور پر فٹ قرار دیے جانے کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
سابق کپتانوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتی حکم کے مطابق میڈیکل بورڈ کو عمران خان کا مکمل اور آزادانہ معائنہ کرنے دیا جائے، بالخصوص ان کی دائیں آنکھ کی مبینہ متاثرہ بینائی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ اس کے علاوہ ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بلا تعطل یقینی بنانے اور طبی معائنے کے نتیجے میں تجویز کردہ علاج فوری فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
خط پر مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر، گریگ چیپل، ایان چیپل، ایلسٹر کک، سنیل گواسکر، ایڈم گلکرسٹ، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو اسٹراس اور اسٹیو وا سمیت 22 سابق کپتانوں کے دستخط شامل ہیں۔
سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ ان کی اپیل سیاسی حیثیت میں نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں عمران خان کے سابق ساتھیوں اور حریفوں کی حیثیت سے ہے اور وہ پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔
رپورٹ کے مطابق چھ ماہ کے دوران سابق عالمی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم کو لکھا جانے والا یہ دوسرا خط ہے۔ اس سے قبل فروری میں بھی 14 سابق کپتانوں نے عمران خان کی صحت اور ان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔