20/08/2026
گجرات بارش کے بعد پانی پانی — نکاسیٔ آب کا نظام سوالیہ نشان
صاف ستھرا پنجاب، واسا اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پر شہریوں کے سوالات
گجرات:
حالیہ بارش کے بعد گجرات شہر کے مختلف اہم علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بھمبر روڈ، کچہری چوک، شہر کے بازاروں اور دیگر علاقوں میں بارشی پانی تاحال موجود ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی، کاروباری سرگرمیاں اور شہریوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار بارش کے بعد نکاسیٔ آب کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر لیتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ صاف ستھرا پنجاب، واسا اور میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کے پاس موجود وسائل اور مشینری کے باوجود شہر سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی کیوں نہیں ہو رہی؟
ذرائع کے مطابق نکاسیٔ آب کے لیے مختلف اداروں کی مشینری اور عملہ موجود ہے، تاہم شہریوں کی شکایات ہیں کہ اہم شاہراہوں اور کاروباری مراکز میں پانی کے جمع ہونے کے مسئلے کا مستقل حل تاحال سامنے نہیں آ سکا۔
بھمبر روڈ سے لے کر کچہری چوک اور شہر کے بازاروں تک پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر نکاسیٔ آب کے لیے پیشگی انتظامات مؤثر انداز میں کیے جاتے اور نالوں و ڈرینج لائنوں کی صفائی بروقت کی جاتی تو صورتحال اس قدر خراب نہ ہوتی۔
دوسری جانب یہ سوال بھی اہم ہے کہ نالوں اور نکاسیٔ آب کے راستوں کی صفائی کا کام بارش سے پہلے کس حد تک مکمل کیا گیا؟ اگر صفائی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات مکمل تھے تو بارش کے بعد شہر کے اہم مقامات پر اتنا پانی کیوں کھڑا ہے؟
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، واسا، میونسپل کارپوریشن اور صاف ستھرا پنجاب کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر نکاسیٔ آب کا آپریشن تیز کیا جائے، مشینری کو فیلڈ میں فعال رکھا جائے اور مستقبل میں بارش سے قبل مؤثر ڈرینج پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اس خبر کے ساتھ بھمبر روڈ، کچہری چوک اور شہر کے مختلف بازاروں کی موقع پر بنائی گئی ویڈیوز بھی موجود ہیں، جو صورتحال کی عکاسی کرتی ہیں۔
عوامی سوال
اگر وسائل، مشینری اور متعلقہ ادارے موجود ہیں تو پھر گجرات شہر بارش کے بعد پانی میں کیوں ڈوب جاتا ہے؟
کرائم رپورٹر
ملک عاطف
ٹی وی 41 نیوز