06/08/2026
وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیرِ دفاع، عزت مآب سفیر احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و صومالیہ کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عسکری روابط کو مزید مضبوط بنانے اور استعدادِ کار بڑھانے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
صومالی وزیرِ دفاع نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مستقل حمایت اور پاک مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صومالیہ کے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔