02/10/2025
بھارت کے سابق کپتان سورو گنگولی نے بی سی سی آئی کی پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کی اجازت نہیں دینی تو پھر پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنے کا فیصلہ ہی کیوں کیا گیا۔
گنگولی نے کارگل جنگ کے بعد کے دورانیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز ہوئیں، لیکن کبھی بھی کھلاڑیوں کے درمیان ایسی صورتحال پیش نہیں آئی جیسی اس ایشیا کپ میں دیکھنے میں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال صرف ان کا نہیں بلکہ ہر ہندوستانی کا ہے۔
سابق بھارتی کپتان نے واضح کیا کہ کھلاڑی مجبور ہوتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جو بورڈ انہیں کہتا ہے، اس میں کسی پلیئر کی غلطی نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بی سی سی آئی کو اپنی پالیسی میں تبدیلی کرنا ہوگی، ورنہ ایسا نہیں چل سکتا۔
گنگولی کے اس بیان نے کرکٹ حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور کھیلوں میں سفارتی تعلقات کے حوالے سے اہم سوالات اٹھائے ہیں۔
https://www.urdutimes.pk/sourav-ganguly-criticizes-bcci-policy-pakistan-players-handshake/