30/08/2025
یونیورسٹی آف لکی مروت کے اکیڈیمک بلاک میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز۔۔۔
یونیورسٹی آف لکی مروت کے نئے تعمیر شدہ اکیڈیمک بلاک میں تعلیمی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز کی افتتاحی تقریب نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز صبح سویرے قرآن خوانی اور بیل ذبح کرنے سے کیا گیا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان سمیت یونیورسٹی کا انتظامی و تدریسی عملہ بھی شریک تھا۔
افتتاحی تقریب میں معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی جن میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ پروفیسر ڈاکٹر سعید بادشاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور پروفیسر ڈاکٹر صادق علی، ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عمران اللہ مروت، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحیم اور سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد جمیل خان شامل تھے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف لکی مروت نے اپنی اکیڈیمک اور ایڈمنسٹریٹو ٹیم کے ہمراہ مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے اپنے تین ماہ کے مختصر ٹینیور میں یونیورسٹی کی ترقی، جاری منصوبہ جات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور نئے اکیڈیمک بلاک میں کلاسز کے باقاعدہ آغاز کو ایک سنگ میل قرار دیا۔ سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد جمیل خان نے منصوبے کے ابتدائی مراحل، درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ موجودہ پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر محمد شعیب نے منصوبے کی تکمیل اور اس کے مختلف مراحل پر سامعین کو آگاہ کیا۔
وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی آف لکی مروت کے قیام کو علاقے کی سماجی، تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور جامعہ کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
پروگرام کے اختتام پر معروف مذہبی اسکالر مولانا محمد ادریس نے جامع دعا کرائی، جس میں یونیورسٹی کی کامیابی، علم و حکمت کے فروغ اور امن و امان کے استحکام کے لیے دعا کی گئی۔ بعد ازاں وائس چانسلر یونیورسٹی آف لکی مروت پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے مہمانانِ گرامی میں یونیورسٹی کی شیلڈز اور تحائف تقسیم کیے۔ تقریب کے آخر میں مہمانوں، اساتذہ اور انتظامی عملے کی پرتکلف ضیافت کی گئی۔