18/06/2025
تحریر : کیلٹن ریٹائرڈ عمر فاروق
عنوان : پاکستان ناقابل تسخیر
سات مئی 2025 سے نو مئی 2025 کے دوران برہمن کے پجاریوں نے صدیوں کی روایتی جارہانہ پالیسی اور ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے مملکت خداداد پر رات کی اندھیرے میں شب خون مارا، مگر چند ہی گھنٹوں میں انہیں منہ کی کھانا پڑی اور شکست اور تاریخی ذلت ان کا مقدر بنی ـ
افواج پاکستان کے آہنی عزم اور جذبے کو سلام جنہوں نے جدید جنگی حرب و ضرب کے ذرائع کو بروئے کار لا کر بھارت کو چاروں شانے چت کر دیا ـ اس مملکت خداداد کی حفاظت قدرت خود کرتی ہے ـ اس تاریخی معرکہ بنیان المرصوص سے اخذ ہونے والے نتائج ہمارے مستقبل کی حکمت عملی اور بقا کے لیے انتہائی اہم ہیں ـ
بھارت کو مزید موقع دینا کہ وہ پاکستان کے حصے کے دریاؤں پر ڈیم بنائے اور ہمارا پانی رک کر خشک سالی کی طرف دھکیلے یہ انتہائی حماقت ہوگی ـ سب سے پہلے اپنے حصے کے دریاؤں کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے سرعت کے ساتھ اقدامات کرنے ہوں گے اور سفارتی اور عالمی سطح پر بھارت کو دریاؤں کا پانی روکنے سے باز رکھنے کے لیے بھرپور مہم کی ضرورت ہے ـ چائنہ ، پاکستان , ترکی اور اذربائجان کے درمیان دفاعی معاشی اور سائنسی تعلقات کو برق رفتاری سے فروغ دیا جائےـ بھارت کے پڑوسی ممالک سری لنکا، نیپال ، تبت اور بنگلہ دیش کے ساتھ بھی دفاعی اور تجارتی تعلقات کو جنگی بنیادوں پر بڑھایا جائے ـ
سائبر حملوں کے تدارک اور دشمن پر سائبر حملوں کے لیے باقاعدہ یونٹ قائم کیے جائیں ـ ڈرونز کی تیاری اور ڈرونز کے حملوں سے بچاؤ کے لیے ترکی اور چائنہ سے مل کر ایک مکمل ڈرون کمپلیکس بنایا جائے اور اس صنعت میں جلد از جلد خود کفالت حاصل کی جائے ـ پورے پاکستان کو بھارت کے فائٹر طیاروں , میزائلوں, ڈرونز جوہری حملوں سے بچانے کے لیے دفاعی شیلڈ کی تیاری پر فوری توجہ مرکوز کی جائے ـ
عوام الناس کو اس جدید جنگی حرب و ضرب کے طریقوں سے اگاہی دی جائے ـ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ماہرین عوام کو گائیڈ کریں کہ ڈرونز فائٹر طیاروں کے حملوں، میزائل اٹیک یا جوہری حملے کی صورت میں کیا SOP ہونے چاہییں اور ان پر عمل درامد کیسے کیا جائے ـ
پاکستان کو چائنہ کے تعاون سے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور space science میں انتہائی مہارت حاصل کرنا ہوگی ـ بھارت کے تمام مکروہ عزائم پر کڑی نظر رکھنے کے لیے ریاست کے ہر عنصر کو کردار ادا کرنا ہوگا ـ انٹیلیجنس اداروں کے علاوہ سفارت کاروں، میڈیا اور ایک عام پاکستانی کو بھی بھارت کے گمراہ کن عزائم اور اداروں پر نظر رکھنا ہوگی ـ اس وقت بھارت دنیا بھر میں رسوا ہو چکا ہے ، مودی کے مسلم کش عزائم کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے، ساری دنیا میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو سکھوں کی طرح جارحانہ آزادی کی تحریک چلانی چاہیےـ اسی طرح ساری دنیا میں مقیم ناگالینڈ ٫ نکسل باڑی، تامل اور ماؤ نواز لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ بھارت کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں ـ بلکہ ان سب کو مل کر عالمی سطح پر بھارت کے مظالم کو اجاگر کرنا ہوگا ـ افغانستان میں انڈیا اور افغان دہشت گردی کے اڈوں پر بمباری کی جائے اور ان کو برباد کیا جائے، قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے اندر بھارت کی دخل اندازی کے راستوں ، طریقوں اور اسباب کا جائزہ لیا جائے اور ان کا فوری تدارک کیا جائے اور بھارت نواز لوگوں کا ملک میں فوری کلین اپ اپریشن شروع کیا جائےـ را کے ایجنٹوں اور بھارت نواز طالبان لیڈروں کی فہرست اور تصاویر شائع کی جائیں اور ان کے سروں کی قیمت مقرر کی جائےـ روس کے ساتھ دفاعی, تجارتی, معاشی تعلقات کو بڑھاوا دیا جائےـ عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو ازسر نو فروغ دیا جائےـ جنوبی کوریا ، سنگاپور، انڈونیشیا ، ملائشیا کے ساتھ دفاعی، تجارتی تعلقات کو بڑھایا جائے ـ نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت پر زور دیا جائے اور ان میں جذبہ حب الوطنی کو مزید ابھارا جائے ـ فوج اور عوام میں غلط فہمیوں کو ختم کیا جائے اور پرامن اور مضبوط پاکستان کے تصور کو جنم دیا جائے ـ پاکستان کے نوجوانوں کو سیاست ٫ بے راہ روی، مذہبی یا لسانی منافرت اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے ہٹا کر سائنس، ریسرچ، تخلیقی صلاحیتوں اور عزم صمیم سے روشناس کرایا جائے ـ بھارت نے اربوں روپیہ خرچ کر کے پاکستان مخالف اور فوج مخالف عناصر کو اور جذبات کو ترویج دے کر اس ملک کی بنیادوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاکہ جب وہ حملہ کرے تو منتقم قوم برباد ہو جائے ، مگر اسے منہ کی کھانا پڑی ـ بنیان المرصوص یا سیسہ پلائی دیوار صرف فوج نے نہیں بننا بلکہ پوری قوم نے بننا ہے ـ برائے مہربانی اپنے اختلافات کو ترک کر دیں، شائستگی اور اخلاقیات کو فروغ دیں اور قوم و ملک کی بقا کو ترجیح دیں ـ
پاکستان زندہ باد ـ