
15/08/2025
اہم اطلاع :-
ضلع مانسہرہ میں مسلسل جاری بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں ندی نالوں اور دریاوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جس سے شہریوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس صورتحال میں مانسہرہ پولیس ہر محاذ پر عوام کی مدد اور جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔
گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث مختلف مقامات پر محصور ہونے والے سینکڑوں سیاحوں اور لوکل عوام کو مانسہرہ پولیس نے بروقت ریسکیو کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور ان کی ہر ممکن دیکھ بھال کے بعد انہیں باحفاظت گھروں کو روانہ کیا۔تمام پولیس افسران اور جوان فیلڈ میں موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کر رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ، شفیع اللہ گنڈا پور نے تمام پولیس فورس کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ بالائی علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ بروقت ریسکیو، ٹریفک کنٹرول اور امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی ضرورت کی صورت میں مانسہرہ پولیس کنڑول روم نمبر 0997920110 پر فوری رابطہ کریں۔
*شعبہ تعلقات عامہ مانسہرہ پولیس*