22/07/2025
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے یونیورسٹی آف لکی مروت پر پچھلے تین سالوں سے لگی پابندیوں کے بادل چھٹ گئے۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف لکی مروت پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان کی مسلسل محنت، انتھک کاوشوں، مثبت قیادت، اکیڈیمکس دوست پالیسیوں، میرٹ کی ترجیحات اور یونیورسٹی کو ایک اعلیٰ تعلیمی درسگاہ بنانے کے حوالے سے موثر رابطوں اور شبانہ روز محنت رنگ لے آئی، اور تین سال سے زیر التواء یہ دیرینہ مسئلہ آج خوش اسلوبی سے حل ہوا۔
17 اور 20 جون 2025 کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان کی قیادت میں یونیورسٹی آف لکی مروت انتظامیہ نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن سے اسلام آباد میں تفصیلی ملاقاتیں کیں اور انہیں پابندیوں کا سامنا کرنے اور طلباء کے مستقبل پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو باور کرایا کہ یونیورسٹی آف لکی مروت اپنے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، طلباء کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروکار لائے گی۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حالیہ لیٹر نمبر: /(33)15
A&AAcc/HEC-2017/11406 Dated: July 21, 2025
کے مطابق اب نہ صرف ہمارے طلبہ کی ڈگریوں کی تصدیق کے تمام مسائل مکمل طور پر ختم ہوگئے ہیں بلکہ یونیورسٹی کے تمام زیرِ التواء امتحانات، بشمول بی ایس، ایم اے اور بی اے کے باقی ماندہ طلبہ کے امتحانات کی بھی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف لکی مروت پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے اس اہم موقع پر کہا کہ الحمدللہ! آج یونیورسٹی آف لکی مروت کے لئے ایک تاریخی اور خوشی کا دن ہے، انہوں نے خصوصی طور پر چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور ڈائریکٹر جنرل ایفیلی ایشن و ایکریڈیٹیشن حضرت بلال صاحب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور یونیورسٹی کی پیش رفت اور طلبہ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ احسن قدم اٹھایا۔
ڈاکٹر خان نے اس کامیابی کو تمام اساتذہ، انتظامیہ، طلبہ، والدین اور یونیورسٹی آف لکی مروت سے محبت رکھنے والے تمام افراد کی دعاؤں اور محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ اب یونیورسٹی آف لکی مروت نئی توانائی کے ساتھ اپنی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔