01/08/2025
ملک دشمن سازشیں ناکام بنانے کا عزم، تمام مکاتبِ فکر متحد
چہکان فورٹ میں البرق ڈویژن کی بین المسالک امن کانفرنس، 11 نکاتی اعلامیہ جاری
البرق ڈویژن کے زیرِ اہتمام چہکان فورٹ میں بین المسالک امن و یکجہتی کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علما و مشائخ، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی ادارے اور معززینِ علاقہ شریک ہوئے۔کانفرنس کی صدارت جی او سی البرق ڈویژن میجر جنرل نیک نام محمد بیگ نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں فتنہ خوارج، فرقہ واریت اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی گمراہیوں کے خلاف دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج، عوام اور علما مل کر دشمن قوتوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
کانفرنس میں 11 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں ملک کے نظریاتی و جغرافیائی دفاع، امن و رواداری کے فروغ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اشتعال انگیز مواد کی روک تھام، اور علما کے مابین مستقل مشاورت جیسے نکات شامل تھے۔
کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خان خٹک نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے دروازے کھلے رکھنے کا اعلان کیا اور علما کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔
اختتام پر باجماعت نمازِ ظہر ادا کی گئی، شرکا کو نادر نسخہ قرآنِ پاک پیش کیا گیا، اور ملک کی سلامتی، شہداء کی بلندی درجات اور قومی یکجہتی کے لیے دعا کی گئی۔