
26/06/2025
بچوں کی ٹانگوں میں درد
تین سے بارہ سال کے بچوں کی ٹانگوں میں درد کو "گروئنگ پینز" کہا جاتا ہے۔ یہ درد عام طور پر رات کے وقت محسوس ہوتا ہے اور بچوں کی نشوونما کے دوران ہڈیوں، پٹھوں اور نسوں کے تیزی سے بڑھنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس درد کی کوئی سنگین وجہ نہیں ہوتی، لیکن یہ بچوں کو پریشان کر سکتا ہے۔
عام وجوہات:
تھکاوٹ
زیادہ بھاگ دوڑ
نیند کی کمی
پانی کی کمی
وٹامنز اور منرلز کی کمی
ذہنی دباؤ
گروئنگ پینز کا سامنا تین سے بارہ سال کی عمر کے اکثر بچے کبھی نہ کبھی کرتے ہیں۔ یہ درد عام طور پر خود بخود ختم ہو جاتا ہے، لیکن کچھ قدرتی طریقوں سے اسے کم کیا جا سکتا ہے۔
چند قدرتی علاج:
1. پانی کی کمی پوری کریں:
بچوں کو مناسب مقدار میں پانی، تازہ جوس، دودھ، لسی، چھاچھ، سکنجبین، یا سبز چائے دیں۔ گوشت کی یخنی بھی ہڈیوں اور پٹھوں کے لیے بہترین ہے۔
2 مالش:
نیم گرم تیل (زیتون کا تیل یا سرسوں کا تیل) سے گھٹنوں سے اوپر کی جانب ٹانگوں پر مساج کریں۔ اگر وقت کم ہو تو بغیر تیل کے بھی مساج مفید ہے۔
3. گرم سکائی:
رات سونے سے پہلے ٹانگوں کے جوڑ اور ہپ لائن پر گرم سکائی کریں۔ تولیہ، ہیٹنگ پیڈ، گرم پانی کی بوتل، یا مائکروویو میں گرم کیے گئے کچے چاول کا بیگ استعمال کریں۔
4. مائیکرو نیوٹرینٹس:
وٹامن ڈی، کیلشیم، اور پروٹین کی مناسب مقدار یقینی بنائیں۔ ادرک کا قہوہ اور ہلدی ملا دودھ قدرتی طور پر درد اور سوجن کم کرتے ہیں۔
5. نیند کا شیڈول:
بچوں کے سونے اور جاگنے کے اوقات مقرر کریں۔ مناسب نیند اچھی صحت کے لیے ضروری ہے۔
6. ورزش اور اسٹریچنگ:
بچوں کو ہلکی پھلکی ورزش اور اسٹریچنگ کروائیں۔ یہ پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے اور درد کو کم کرتا ہے۔
7. قدرتی غذائیں:
ہری سبزیاں، پھل، دالیں، اور گری دار میوے بچوں کی خوراک میں شامل کریں۔ یہ غذائیں وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہیں۔
8. ذہنی دباؤ کم کریں:
بچوں کو پرسکون ماحول دیں اور ان کی بات سنیں۔ ذہنی دباؤ بھی جسمانی درد کا سبب بن سکتا ہے۔
9. ہربل چائے:
گل بابونہ کی چائے یا پودینے کی چائے بچوں کو پرسکون کرتی ہے اور درد کو کم کرتی ہے۔
10. قدرتی سپلیمنٹس:
اگر درد برقرار رہے تو وٹامن ڈی اور دیگر منرلز کے ٹیسٹ کروائیں۔ کمی کی صورت میں پہلے مرحلے میں غذاؤں سے پورا کرنے کی کوشش کریں، پھر ضرورت پڑنے پر سپلیمنٹس کا استعمال کریں۔
گروئنگ پینز بچوں کی نشوونما کا ایک عام حصہ ہے۔ اسے سمجھنا اور قدرتی طریقوں سے اس کا علاج کرنا بچوں کو آرام دیتا ہے۔ اگر درد شدید ہو یا بار بار ہو تو ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
Dr.obaid