09/12/2025
*گجر اتحاد فورم جابہ کی عوامی مؤقف پر مبنی اہم اپیل*
اسلام علیکم۔۔۔۔
گجر اتحاد فورم جابہ کے پلیٹ فارم سے چیئرمین کی سربراہی میں قافلے کی صورت میں جو باقاعدہ ملاقات عمل میں لائی گئی تھی، اس میں وہ تفصیلی لسٹ معزز سردار یوسف صاحب کے حوالے کی گئی تھی۔ اس لسٹ پر چیئرمینِ گجر اتحاد فورم اور دیگر بزرگ اکابرین کے باضابطہ دستخط موجود تھے۔ یاد دہانی کے طور پر عرض ہے کہ وہ اصل لسٹ آج بھی مکمل طور پر محفوظ ہے۔
اس ملاقات میں بجلی کے کھمبوں، لنکس روڈز اور بالخصوص بچیوں کے سکول کو اپگریڈ کرکے ہائی سکول کا درجہ دینے کے حوالے سے مکمل بات چیت ہوئی تھی، اور سردار یوسف صاحب کی طرف سے ان تمام عوامی کاموں کے لیے واضح اور غیر مبہم یقین دہانیاں کروائی گئی تھیں۔
مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دور دراز پہاڑی علاقوں تک بجلی کے کھمبے پہنچا دیے گئے، لیکن گاؤں جابہ کے عوام کے ساتھ کھلم کھلا ناانصافی برتی گئی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے ساتھ سوتیلا معیار اختیار کیا گیا ہے، حالانکہ جابہ کی تمام اقوام کے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ہزاروں میں ہے، جسے مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا۔
ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گجر اتحاد فورم جابہ نہ کسی مخصوص پارٹی کا مرہونِ منت ہے اور نہ ہی کسی شخصیت کا محتاج۔ ہمیں صرف اور صرف جابہ کی عوام کی فلاح و بہبود سے غرض ہے۔ اگر ہمارے بنیادی عوامی کاموں کو فوری طور پر مکمل نہ کیا گیا تو ہمیں مجبوراً جابہ کی ترقی کے لیے کسی دوسرے سیاسی دروازے پر دستک دینا پڑے گی۔
یاد رکھا جائے کہ جابہ کی عوام گزشتہ پینتیس سالوں سے سردار یوسف صاحب کو بغیر کسی وقفے کے کامیاب کرواتے چلے آ رہے ہیں، مگر بدلے میں ہمیں مسلسل نظراندازی، وعدوں کی تکمیل میں تاخیر اور غیر سنجیدہ رویہ ملا۔
لہٰذا تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ:
1. جابہ میں بجلی کے کھمبوں کی فوری فراہمی
2. لنکس روڈز کا جلد از جلد آغاز
3. بچیوں کے سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے کا وعدہ پورا کیا جائے
اگر یہ کام فوری اور مؤثر انداز میں نہ کیے گئے تو آئندہ الیکشن میں ہماری طرف سے سردار یوسف صاحب کے لیے صرف ایک ہی پیغام ہے:
اللّٰہ حافظ۔
عوام کی طاقت کو کبھی کمزور نہ سمجھا جائے۔ جابہ کی ترقی ہماری ترجیح بھی ہے اور ہماری جدوجہد بھی—اور یہ جدوجہد کسی بھی سمت جا سکتی ہے، بس شرط یہ ہے کہ حق دیا جائے، انصاف کیا جائے اور وعدے پورے کیے جائیں۔شکریہ
بقلم خود۔
چیئرمین گجر اتحاد فورم جابہ
*ملک وقار نور@* #
#گجر اتحاد فورم جابہ