18/08/2026
مارکیٹنگ مکس ماڈلنگ
فرض کریں ایک کاروبار ایک ہی وقت میں فیس بک، گوگل، یوٹیوب اور دوسری جگہوں پر تشہیر کر رہا ہے۔ اسی دوران وہ رعایت بھی دے رہا ہے اور عید یا کسی خاص موسم کی وجہ سے بھی لوگوں کی خریداری بڑھ رہی ہے۔ مہینے کے آخر میں فروخت بڑھ جاتی ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ فروخت میں یہ اضافہ آخر کس وجہ سے ہوا؟
صرف یہ دیکھ لینا کہ کسی ایک اشتہار سے کتنی خریداری ہوئی، ہمیشہ پوری تصویر نہیں دکھاتا۔ ممکن ہے صارف نے پہلے فیس بک پر برانڈ دیکھا ہو، پھر گوگل پر اسے تلاش کیا ہو اور آخر میں خریداری کی ہو۔ دوسری طرف ممکن ہے اسی دوران رعایت یا موسمی طلب نے بھی فروخت بڑھائی ہو۔
مارکیٹنگ مکس ماڈلنگ اسی پوری تصویر کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس میں کاروبار کے مختلف مارکیٹنگ ذرائع، ان پر ہونے والا خرچ، فروخت، رعایت، موسم اور دوسرے اہم عوامل کے تاریخی اعداد و شمار کو ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے، تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ مختلف مارکیٹنگ سرگرمیوں نے کاروباری نتائج میں کتنا کردار ادا کیا۔
مثلاً اگر کسی مہینے فروخت بہت بڑھ گئی تو صرف یہ کہنا کہ "فیس بک اشتہارات کامیاب رہے" شاید درست نہ ہو۔ ہو سکتا ہے اشتہارات کے ساتھ رعایت، موسمی طلب اور دوسرے ذرائع نے بھی اس اضافے میں حصہ لیا ہو۔
مارکیٹنگ مکس ماڈلنگ ان عوامل کو الگ الگ سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔
اس کا اصل مقصد یہ جاننا نہیں کہ کس اشتہار کو سب سے زیادہ کلکس ملے، بلکہ یہ سمجھنا ہے کہ مارکیٹنگ پر خرچ ہونے والی رقم کاروبار کے لیے حقیقی نتائج کتنے پیدا کر رہی ہے.
یعنی ایک جدید مارکیٹر صرف یہ نہیں پوچھتا:
ہم نے کہاں کتنی رقم خرچ کی؟
بلکہ وہ یہ بھی جاننا چاہتا ہے:
اس سرمایہ کاری نے ہماری فروخت اور آمدنی میں کتنا حقیقی حصہ ڈالا؟
اور یہی مارکیٹنگ مکس ماڈلنگ کا بنیادی تصور ہے۔