20/10/2025
کاٹلنگ کے علاقے جمالگڑھی سکول پلو سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالم دین مولانا اعزاز علی کے چھوٹے صاحبزادے محمد نے ناظرہ قرآن پاک مکمل کرنے کی سعادت حاصل کر لی۔ اس بابرکت موقع پر مکی جامع مسجد میں ایک پُر وقار دستار بندی کی نورانی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں جید علمائے کرام، حفاظ کرام، علاقہ مکینوں اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی شیخ القرآن والحدیث مفتی نجیب اللہ فاروقی تھے، جنہوں نے اپنے ایمان افروز خطاب میں قرآن کریم کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ"قرآن مجید انسانیت کے لیے سراپا ہدایت ہے۔ والدین کے لیے یہ بڑی سعادت کی بات ہے کہ وہ اپنی اولاد کو قرآن سے جوڑیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں دینی تعلیم کی ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ہمیں اپنی نئی نسل کو قرآن و سنت کے سانچے میں ڈھالنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔اس موقع پر مولانا عمر فاروق سمیت دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا اور بچے محمد کو ناظرہ قرآن مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی، اور حاضرین کی پرتکلف تواضع بھی کی گئی۔