16/09/2025
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن( پجار) کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بی ایس او پجار اگریکلچر کالج کے یونٹ سیکرٹری ماجد بلوچ ایک المناک ٹرین حادثے کے نتیجے میں شہید ہوگئے۔ یہ حادثہ اچانک اور افسوسناک تھا جس نے پوری تنظیم کو گہرے صدمے اور رنج و غم میں مبتلا کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ شہید ماجد بلوچ نے بلوچ قومی جہد اور طلباء سیاست میں ہمیشہ سرگرم اور کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ ایک باصلاحیت، جرات مند اور نظریاتی کارکن تھے جنہوں نے اپنی جوانی تعلیم کے فروغ اور قومی شعور کی بیداری کے لیے وقف کی۔ ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ شہید ماجد بلوچ کی جدوجہد اور عزم آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کی شہادت نے یہ ثابت کر دیا کہ بلوچ طلباء نے ہمیشہ اپنی قوم اور سرزمین کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ بی ایس او پجار ان قربانیوں کو تحریک کی بنیاد اور سرمایہ سمجھتی ہے۔
مرکزی ترجمان نے واضح کیا کہ شہید ماجد بلوچ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور تنظیم ان کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ بی ایس او پجار ان کے نظریات اور خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید منظم اور مضبوط کرے گی۔
آخر میں مرکزی ترجمان نے اعلان کیا کہ بی ایس او پجار شہید ماجد بلوچ کی شہادت پر تین دن کے سوگ کا اعلان کرتی ہے۔ اس دوران تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی ۔ تنظیم ان کے خاندان اور ساتھیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔