09/06/2026
انجینئر امیر مقام کی شہادت سے متعلق جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، عظمت خان داؤدزئی
افلاطون بونیری پیج کی من گھڑت پوسٹ سے کارکنوں میں تشویش پھیلی، پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کا اعلان
امیر مقام کے خلاف جھوٹی خبر پھیلانا شرمناک اور بزدلانہ عمل ہے، عظمت خان داؤدزئی
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں بے چینی پیدا کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے
پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پی کے 72 کے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی عظمت خان داؤدزئی نے سوشل میڈیا پر صوبائی صدر خیبرپختونخوا و وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے بارے میں جھوٹی اور بے بنیاد خبر پھیلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ "افلاطون بونیری" نامی سوشل میڈیا پیج پر یہ من گھڑت خبر نشر کی گئی کہ انجینئر امیر مقام نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
عظمت خان داؤدزئی نے کہا کہ اس جھوٹی خبر کے نشر ہونے سے مسلم لیگ (ن) کے ہزاروں کارکنوں اور رہنماؤں میں شدید تشویش اور غم و اضطراب کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم فوری رابطوں اور تصدیق کے بعد یہ خبر مکمل طور پر جھوٹی اور بے بنیاد ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی یا سماجی شخصیت کے بارے میں اس قسم کی جھوٹی خبریں پھیلانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ، بزدلانہ اور شرمناک عمل ہے، جس سے نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا ہوتی ہے بلکہ معاشرے میں غلط معلومات کے فروغ کا سبب بھی بنتا ہے۔
عظمت خان داؤدزئی نے کہا کہ انجینئر امیر مقام مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے قائد ہیں اور پارٹی کارکن ان سے دلی وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنے قائد کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "افلاطون بونیری" پیج کے ایڈمن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جھوٹی خبر پھیلانے پر پیکا ایکٹ سمیت متعلقہ قوانین کے تحت درخواست دائر کی جائے گی تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور مستقبل میں ایسی گمراہ کن خبروں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔