30/10/2025
غیر ہنرمند مزدوروں کے لیے کم از کم اجرت کا تعین حکومتِ آزاد کشمیر کا ایک انتہائی ہمدردانہ، انسان دوست اور قابلِ ستائش اقدام ہے۔ یہ فیصلہ اُن بے آواز ہاتھوں کے حق میں انصاف کی مانند ہے جو دن رات ہماری آسائشوں کے لیے پسینہ بہاتے ہیں، مگر اکثر اپنی محنت کا پورا صلہ نہیں پاتے۔ حکومت نے اس فیصلے سے نہ صرف مزدور طبقے کے دکھوں کا احساس کیا ہے بلکہ ان کے بنیادی معاشی حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کی عملی کوشش کی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سدھنوتی نے واضح ہدایت دی ہے کہ مقررہ اجرت سے کم تنخواہ دینے والے اداروں یا مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات سب کو یاد رکھنی چاہیے کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ انصاف کرنا، ان کی عزت و محنت کا خیال رکھنا، دراصل اپنی اخلاقی و قومی ذمہ داری ادا کرنا ہے۔
تمام شہریوں، تاجروں اور ادارہ جات سے اپیل ہے کہ وہ اپنے زیرِ روزگار مزدوروں کے ساتھ خلوص، احترام اور دیانت داری کا سلوک کریں۔ اُنہیں جائز اجرت دینے کے ساتھ ساتھ اُن کے لیے ایک باعزت اور محفوظ ماحول فراہم کریں، کیونکہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اُسے مزدوری دینا ہمارے دین، ضمیر اور انسانیت—تینوں کا تقاضا ہے۔