29/09/2025
بسم اللہ الرحمن الرحیم
برائے توجہ:
سیکرٹری جنرل
اقوام متحدہ
نیو یارک، امریکہ
موضوع: آزاد جموں و کشمیر میں پرامن عوامی تحریک پر ریاستی کریک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں
محترم سیکرٹری جنرل صاحب
ہم، جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، اس خط کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر میں جاری پرامن عوامی تحریک پر ریاستی اداروں کے کریک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر اپنی گہری تشویش اور احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔
گزشتہ سال عوام نے اپنے جائز معاشی و سماجی مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کیا۔ افسوس کے ساتھ عرض ہے کہ ان پرامن اجتماعات کو طاقت کے زور سے کچلنے کی کوشش کی گئی۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں تین ہلاکتیں اور متعدد بے گناہ شہری زخمی ہوئے
درجنوں گرفتاریاں عمل میں آئیں
صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہراساں کیا گیا
اظہارِ رائے اور پرامن اجتماع کے بنیادی آئینی و عالمی حقوق پامال کیے گئے۔
اب جبکہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 29 ستمبر 2025 عوام کے جائز حقوق کی بازیابی کے لئے پرامن احتجاج کی کال دے رکھی ہے ایسے میں کثیر تعداد میں پولیس اور فورسز تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ پہلے کی طرح ایک بار پھر مظلوم اور نہتے عوام سے ان کا پرامن احتجاج کا حق چھینا جائے اور ریاستی جبر سے عوامی بنیادی حقوق غصب کرنے کے عمل کو طوالت دی جائے
یہ اقدامات نہ صرف پاکستان کے آئین اور آزاد جموں و کشمیر کے قوانین کی خلاف ورزی ہیں، بلکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے اور شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے
(ICCPR)
کے بھی صریحاً منافی ہیں۔
ہم اقوام متحدہ اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ
حکومت کو پرامن احتجاج اور آزادی اظہار کا احترام کرنے کا پابند بنایا جائے۔
انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کو آزاد کشمیر کے دورے پر بھیجا جائے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی برادری کی بروقت توجہ اور مؤثر کردار کے بغیر اس خطے میں انسانی وقار اور شہری آزادیوں کا تحفظ ممکن نہیں ہوگا۔
خاکسار
شوکت نواز میر
ممبر کور کمیٹی
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی