11/08/2025
ضلع مہمند .. ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال غلنئی میں پہلی بار ارتھوپیڈک او ٹی کا افتتاح
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال غلنئی میں پہلی مرتبہ جدید سہولیات سے آراستہ ارتھوپیڈک آپریشن تھیٹر قائم کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ایم این اے ساجد خان مہمند اور ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین حاجی محبوب شیر نے شرکت کی اور باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افتخار الدین، اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند عثمان حمزہ، سیکرٹری جنرل جامداد خان، چیئرمین جاوید خان، سینئر رہنما ملک جہانزیب خان، ملک صدبر خان، نورستان خان، سجاد خان سمیت پارٹی قیادت اور میڈیا نمائندگان موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پرویز اقبال نے ہسپتال کی تاریخ اور موجودہ سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال 1977-78 میں آر ایچ سی کے طور پر قائم ہوا، 1982-83 میں سول ہسپتال میں اپ گریڈ ہوا، 1992-93 میں تحصیل ہیڈکوارٹر اور 2003-04 میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا درجہ حاصل کیا۔ موجودہ ہسپتال 110 بستروں پر مشتمل ہے۔
ڈاکٹر پرویز اقبال نے بتایا کہ ہسپتال میں فی الحال سرجیکل، چلڈرن، آئی اسپیشلسٹ، گائناکالوجسٹ، پیتھالوجسٹ اور اینیستھیزیا کے ماہرین کی کمی ہے، جبکہ 3 میڈیکل آفیسرز، 6 چارج نرسز اور 16 پیرامیڈیکس کی کمی بھی مریضوں کے علاج میں مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2024-25 میں اب تک میڈیکل او پی ڈی میں 21,184، آرتھوپیڈک میں 7,230، چلڈرن میں 17,618، سرجیکل میں 9,306، ای این ٹی میں 11,104، گائنی میں 11,614، ڈینٹل میں 5,119 اور جنرل او پی ڈی میں 3,600 مریضوں کا علاج کیا گیا۔ مجموعی طور پر 2024-25 میں 105,027 مریضوں کی تشخیص کی گئی، جبکہ گزشتہ سال 95,031 اور 2022-23 میں 117,162 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
عوامی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کی تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا تاکہ مہمند کے عوام کو معیاری علاج ان کی دہلیز پر میسر ہو۔