29/09/2025
رحیم یارخان جنوبی پنجاب یونین آف جرنلسٹس (رجسٹرڈ) کے مرکزی چیئرمین عامر اقبال بھٹہ، مرکزی صدر نذر عباس , جنرل سیکرٹری فرحان اقبال اور چیف کوآرڈینیٹر جاوید اقبال عنبر نے اپنے مشترکہ بیان میں صحافی شعیب افتخار کی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ملتان کے ہاتھوں غیر قانونی گرفتاری، جبری گمشدگی، جھوٹے مقدمے کے اندراج اور جسمانی تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ (جے پی ہوجے ) کے عہدیدران کا کہنا تھاکہ شعیب افتخار کو بلاجواز گرفتار کر کے غائب کرنا اور بعدازاں جھوٹے مقدمے میں نامزد کرنا نہ صرف آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے بلکہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شعیب افتخار کی رپورٹنگ پر کوئی اعتراض تھا تو سی سی ڈی کو قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا، مگر اس کے برعکس ایک مشکوک ریکارڈ رکھنے والے شخص کی مدعیت میں پرانا واقعہ بنا کر مقدمہ درج کیا گیا جو انصاف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ شعیب افتخار کو حراست میں لے کر غیر انسانی سلوک اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا جو قانون اور اخلاقیات دونوں کے منافی ہے۔ رہنماؤں نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، مقدمہ ختم کرنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے صحافیوں کو دبایا نہیں جا سکتا۔