30/12/2025
جامعہ اسلامیہ انوارُ العلوم العالمیہ ملتان میں علم و فضل کی خوشبو بکھیرتی ایک عظیم الشان اور پُروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جو کلاس عالمیہ اوّل کی جانب سے کلاس عالمیہ دوم کے رخصت ہونے کے پُراثر اور پرتپاک موقع پر اہتمام کی گئی۔
اس بابرکت نشست میں شیخ الاسلام والمسلمین، شیخ الحدیث حضرت علامہ سید ارشد سعید کاظمی دامت برکاتہم العالیہ نے دورۂ حدیث کی تکمیل کرنے والے علمائے کرام کو نہایت حکیمانہ اور بصیرت افروز نصائح سے نوازا۔
حضرت شیخ الاسلام نے علماء کو اس عظیم امانت کی یاد دہانی کراتے ہوئے فرمایا کہ وہ رخصت ہونے کے بعد اپنی اپنی استطاعت اور صلاحیت کے مطابق دینِ اسلام کی تبلیغ، اشاعت، اور خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہیں، اخلاص کو شعار بنائیں اور علم کو عمل کے نور سے روشن کریں، کہ یہی علمِ دین کا اصل تقاضا اور علماء کا حقیقی منصب ہے۔
یہ الوداعی نشست نہ صرف محبتوں، دعاؤں اور خلوص کی آئینہ دار تھی بلکہ طلبۂ علم کے لیے ایک نئی ذمہ داری، عزمِ نو اور عملی زندگی کے روشن سفر کا پیغام بھی تھی۔