24/01/2026
*ملتان: تھانہ شاہ رکنِ عالم کے علاقے حمزہ چوک کے قریب پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار*
ملتان میں تھانہ شاہ رکنِ عالم کی حدود حمزہ چوک کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چوری کی متعدد وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مورخہ 23 جنوری 2026 کو رات گئے پولیس پارٹی گشت، جرائم کی روک تھام اور ناکہ بندی کے سلسلے میں حمزہ چوک پر موجود تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد سامنے سے آتے دکھائی دیے، جنہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا۔
ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی موٹر سائیکل چھوڑ کر علیحدہ علیحدہ ہو کر پولیس پارٹی پر جان سے مارنے کی نیت سے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے گاڑی کی اوٹ اور زمین پر لیٹ کر اپنے دفاع میں محتاط ہوائی فائرنگ کی۔
فائرنگ رکنے پر قریب جا کر دیکھا گیا کہ ایک ملزم اپنے نامعلوم ساتھی کی فائرنگ سے دائیں ٹانگ میں گولی لگنے کے باعث زخمی ہو کر زمین پر گرا پڑا تھا، جبکہ اس کے دائیں ہاتھ کے قریب پسٹل موجود تھا، جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔
زخمی ملزم نے اپنی شناخت محمد اکمل ولد محمد اسلم، قوم کھوکھر، سکنہ علی ٹاؤن پل سیتل ملتان کے طور پر بتائی۔ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے کنٹرول کے ذریعے ناکہ بندی کروا دی گئی اور اعلیٰ افسران کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا۔
زخمی ملزم کو ریسکیو 1122 کے ذریعے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل چیک کرنے پر مقدمہ نمبر 2178/25 مورخہ 14-11-2025 بجرم 381-A تعزیراتِ پاکستان، تھانہ شاہ رکنِ عالم کی مسروقہ ثابت ہوئی۔
پولیس نے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
#