17/09/2025
اسلام آباد(پی آئی ڈی )17 ستمبر، 2025؛
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی وفد کے ہمراہ ملاقات۔ وفد میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، وزرا حکومت دیوان علی خان چغتائی ,احمد رضا قادری,ممبر اسمبلی حافظ حامد رضا بھی شامل تھے۔ملاقات میں بھارتی ابی جارحیت اور مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایوان میں موجود تمام اراکین میرے لیے یکساں ہیں۔15 ویں قومی اسمبلی کے پہلے ساڑھے تین سالوں میں کسی رکن کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے۔ بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس تمام اراکین کے پروڈکشن آرڈرز یقینی بنائے۔ اراکین پارلیمنٹ کے مسائل بلاامتیاز حل کرنا میری ترجیح ہے ۔پارلیمان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیے ہیں۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے آزاد کشمیر میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مسئلہ کشمیر کو تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے عزم اعادہ کیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے5 اگست 2019 کے بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدام کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا۔
ا س موقع پر سپیکرآزادجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گلیشیئرز پگھلنے سے فلیش فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلگت بلتستان اور کشمیر سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں پنجاب کی عوام کو درپیش تکلیف کو محسوس کر سکتے ہیں۔ چوہدری لطیف اکبر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پارلیمانی سفارتکاری کاری فروغ کیلئے کاوشوں کو سراہا۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم فتح سے ہمکنار فرمایا ہے۔ 10 مئی کی کامیابی پاکستان کی عسکری و سفارتی فتح ہے۔چوہدری لطیف اکبر نے ملک کے قانون ساز اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو کو سراہا۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستان اور آزاد کشمیر کے اراکین قانون ساز اسمبلی کو ملکر جدو جہد کرنا ہونگی۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین نے اقوام عالم میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی حکومت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت قابل ستائش ہے۔