05/12/2025
مرکزی پریس کلب وادئ لیپا کے انتخابات، نئی باڈی بلامقابلہ متفقہ طور پر منتخب
وادئ لیپا: مرکزی پریس کلب وادئ لیپا کے سالانہ انتخابات بلامقابلہ مکمل ہو گئے، جن میں نئی کابینہ باہمی مشاورت اور مکمل اتفاقِ رائے سے تشکیل دی گئی۔ انتخابی مرحلہ پُرامن، شفاف اور صحافتی روایات کے مطابق خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا۔
منتخب عہدیداران میں سابق صدر عبدالمنان سیف اللہ سرپرستِ اعلیٰ، جی ایم بخاری صدر، رانا عاشق حسین سینئر نائب صدر، عبدالصبور نائب صدر، حافظ محمد ابرار جنرل سیکرٹری جبکہ توقیر گجر سیکرٹری خزانہ و اطلاعات منتخب ہوئے۔
اس موقع پر نومنتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وادئ لیپا کے بنیادی مسائل کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے اور علاقے کے غریب و محروم عوام کی مضبوط آواز بننے کے لیے اپنی صحافتی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور صحافتی اقدار کی پاسداری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
پریس کلب کے اراکین نے نئی باڈی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ علاقائی صحافت کی مضبوطی اور عوامی مسائل کی ترجمانی میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔