
15/06/2025
"دا کھکھہ راجپوت ٹائمز"
کھاوڑہ: چوہدری لطیف اکبر کا ٹھیریاں کی عوام سے کیا گیا وعدہ تاحال پورا نہ ہو سکا، عوام میں شدید مایوسی
ٹھیریاں، جہاں پانچ سرکاری ادارے موجود ہیں، اب بھی بنیادی سہولت یعنی پختہ سڑک سے محروم ہے۔ 2011 کے انتخابات میں چوہدری لطیف اکبر نے ٹھیریاں کی عوام سے سڑک کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا، جو تا حال وفا نہیں ہو سکا۔
گزشتہ انتخابات میں بھی سڑک کا مسئلہ عوامی ترجیحات میں شامل رہا، تاہم انتخابی کامیابی کے بعد یہ مسئلہ نظر انداز کر دیا گیا۔ کچھ عرصہ قبل منعقدہ جلسہ عام میں چوہدری لطیف اکبر نے "بنیاں تا انٹر کالج ٹھیریاں" پختہ سڑک کا وعدہ دہرایا، مگر ایک بار پھر عملدرآمد نہ ہو سکا۔
اسی طرح، متہائی جلسے میں "متہائی ٹھیریاں" سڑک کی ری کنڈیشننگ کا اعلان کیا گیا مگر نئی جاری ہونے والی فہرست میں تین کلومیٹر " متہائی ٹھیریاں" سڑک شامل نہ کیے جانے پر اہل علاقہ اور عوامی نمائندوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
یونین کونسل ٹھیریاں کے چیئرمین راجہ امجد نصیر نے اس صورتحال کو علاقے کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بارہا احتجاج اور وعدوں کے باوجود یونین کونسل ٹھیریاں کی عوام کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
عوامی نمائندوں اور اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر "متہائی ٹھیریاں" سڑک کی مکمل ری کنڈیشننگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔