
25/03/2025
نواب شاہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں موٹروے پولیس نے مسافروں میں افطار پیک تقسیم کئے تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی ہدایات پر موٹروے پولیس سیکٹر-ii سکرنڈ کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں نیشنل ہائی وے سعید آباد ٹول پلازہ اور سکرنڈ بائی پاس پر مسافر عوام میں افطار پیک تقسیم کئے جبکہ عید الفطر کی مناسبت سے خصوصی روڈ سیفٹی مہم کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلہ میں موٹروے پولیس افسران نے قومی شاہراہ پر مسافروں میں افطاری کا سامان ، تحائف اور روڈ سیفٹی پیغامات پر مبنی خصوصی پمفلٹس بھی تقسیم کئے اور دوران سفر مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی کے اُصولوں کی پابندی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس سیکٹر-ii سکرنڈ محمد کاشف رحیم نے افسران کوہدایت کی کہ روزے کی حالت میں روڈ یوزرز جلد بازی اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں لہذا دوران ڈیوٹی اووور سپیڈنگ والی گاڑیوں کو خصوصی طور پر چیک کریں اور دوران رمضان مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے شائستہ لب و لہجہ کا استعمال کریں، روڈ یوزرز کے ساتھ نہایت شفقت اور عزت سے پیش آئیں اور کسی بھی صورت میں اپنی اخلاقی تربیت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں تا ہم قانون کی پاسداری میں کوئی امتیاز روا نہ رکھیں مسافروں کے لئے،انہوں نے کہاکہ افطاری جیسے نیک عمل میں حصہ لینا موٹر وے پولیس کو دوسرے اداروں سے ممتاز بناتا ہے۔