29/04/2025
دنیا تماشہ، نن تماشہ — نوشکی کا دلسوز سانحہ
کل نوشکی میں پیش آنے والے المناک ٹینکر آگ واقعہ نے پورے شہر کو اشکبار کر دیا۔ یہ افسوسناک سانحہ نہ صرف قیمتی جانوں کو متاثر کر گیا بلکہ مقامی انتظامیہ کی کارکردگی کا بھی پول کھول کر رکھ دیا۔
کل کا واقعہ ثابت کر گیا کہ شعور اور ذمہ داری کے میدان میں ہم ابھی بہت پیچھے ہیں۔ عوام تماشہ دیکھنے میں مصروف رہے، امدادی کاموں میں کسی نے دلجمعی سے حصہ نہیں لیا۔
1. دکان مکینک کی غفلت:
ٹرک میں ویلڈنگ کے دوران اچانک وائرنگ میں آگ لگ گئی۔ موقع پر موجود ویلڈر کے پاس آگ بجھانے کے لیے نہ تو کوئی فائر ایکسٹنگوئشر تھا، نہ نائٹروجن سلنڈر، نہ مٹی یا ریت بھری بالٹی، اور نہ ہی کوئی آگ بجھانے والا کمبل موجود تھا۔ آگ بھڑکنے کی ابتدائی لمحوں میں فوری کارروائی ممکن ہوتی تو شاید بڑا سانحہ ٹالا جا سکتا تھا۔
2. فائر بریگیڈ بروقت پہنچا، لیکن افسوس کہ ان کی گاڑی خراب تھی اور پانی چھڑکاؤ نہیں کر سکی، جس سے آگ مزید پھیل گئی اور ٹرک کے ٹائر بھی لپیٹ میں آ گئے۔
3. پولیس اہلکاروں کی لاپروائی:
اگرچہ پولیس موقع پر پہنچی، مگر عوام کو آگ سے دور رکھنے کے بجائے خود تماشہ دیکھنے میں مصروف ہو گئی۔ نتیجتاً چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جو بدانتظامی اور غیر پیشہ ورانہ رویے کا کھلا ثبوت ہے۔
4. عوام کی ایک بڑی تعداد بھی آگ بجھانے کی کوشش کرنے کے بجائے صرف تماشہ دیکھنے میں لگی رہی، جس نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔
5. نوشکی کے اسپتال میں جلے ہوئے مریضوں کے علاج کے لیے مناسب سہولیات موجود نہیں تھیں۔ ہنگامی حالات میں اسپتال مکمل طور پر بے بس نظر آیا۔
6. ایمبولینسیں تو موجود تھیں لیکن ان کے ڈرائیورز غائب تھے۔ ایمبولینس صرف نمائش کے لیے کھڑی تھیں یا بدانتظامی کا شکار تھیں۔
7. زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ایمبولینسوں کی تعداد بھی کم تھی اور انتظامات بھی ناقص تھے
اس بدترین حالات کے باوجود، ہم سلام پیش کرتے ہیں ان لوگوں کو:
جنہوں نے زخمیوں کو بروقت اسپتال منتقل کیا۔
جنہوں نے خون کا عطیہ دیا۔
جنہوں نے اپنی ذاتی گاڑیاں فراہم کر کے مریضوں کو کوئٹہ منتقل کرنے میں مدد دی۔
اگر ہم نے فوری طور پر عوامی شعور کی تربیت نہ کی، فائر سیفٹی کے بنیادی اصولوں پر عمل نہ کیا، اور ادارہ جاتی نااہلی کو ختم نہ کیا تو نوشکی جیسے مزید دلخراش سانحات ہمارا مقدر بنے رہیں گے۔ اب بھی وقت ہے کہ ہم سنجیدگی سے اصلاحات کی طرف قدم بڑھائیں۔