16/09/2024
حضور آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ والہ وسلم وہ ہستی ہیں جن کی وجہ سے اس کائنات کو تخلیق کیا گیا
یہ ایک الگ بحث ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا یوم ولادت 12 ربیع الاول ہے یا نہیں لیکن اگر ہم اپنے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دن مخصوص کر سکتے ہیں تو آقا علیہ الصلاۃ والسلام کا یوم ولادت منانے کے لیے ہمیں دلائل کی کیوں ضرورت پیش آجاتی ہے
لیکن المیہ یہ ہے کہ جس طرح ہم جشن ولادت مناتے ہیں یہ منانے کا بالکل بھی درست طریقہ نہیں ہے ہمارے ہاں کیا ہو رہا ہے۔
ارے بھائی! بازاروں میں جا کر تو دیکھیں بے پردہ خواتین نامحرم مردوں کے ہجوم کے درمیان پھنسی ہوئی ہیں' بازاروں میں پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں' جگہ جگہ گلی گلی شہر شہر میں لاؤڈ سپیکر پر بے جا اور پرتکلف انداز میں ایسے نعتیں چلائی جا رہی ہیں جنہیں سن کر بالکل بھی احساس نہیں ہوتا کہ یہ کوئی نعت پڑھی جا رہی ہے
جشن ولادت ضرور منائیں لیکن اس انداز سے منائیں کہ آپ کے کسی بھی عمل سے آپ کے کوئی پڑوسی' گلی محلے میں موجود بیمار لوگ' دوست' راہگیر مسافر کو تکلیف نہ ہو
میلاد منائیں!
سب سے پہلے اس ربیع الاول میں نیت کریں کہ آپ آج کے بعد کبھی کوئی نماز نہیں چھوڑیں گے کیونکہ جس نبی کا میں میلاد منا رہا ہوں نماز اس نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے' آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی گزاریں گے' حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں روزانہ درود و سلام کا نذرانہ پیش کریں گے اور لوگوں کے لیے عملی نمونہ بنیں گے
ذاتی اظہار رائے
لقمان احمد