22/10/2025
پاک بحریہ کے جہاز یارموک (PNS YARMOOK) نے سعودی قیادت میں قائم کومبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت شمالی بحیرہ عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کامیابی سے انجام دی، جس کے نتیجے میں تقریباً 972 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں۔
یہ شاندار کامیابی پاک بحریہ کے خطے میں سمندری سلامتی، عالمی امن، اور سمندری راستوں سے غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے عزم کا مظہر ہے۔
کومبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت CTF-150 ایک کثیر القومی فورس ہے جو عالمی سمندری استحکام، دہشت گردی کی روک تھام، اور سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے پر مرکوز ہے۔ پی این ایس یارموک کی یہ کامیاب کارروائی پاک بحریہ کے اس فعال کردار کی عکاس ہے جو وہ بحرِ ہند کے وسیع تر خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ادا کر رہی ہے۔
کامیاب انسدادِ منشیات آپریشن کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یارموک کے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ قومی سمندری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر مشترکہ تعاون اور مربوط سمندری سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ سعودی قیادت میں انجام دیا گیا پی این ایس یارموک کا یہ آپریشن نہ صرف دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین انٹرآپریبلٹی (Interoperability) کو فروغ دے گا بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔