12/12/2022
کے پی قیادت کا اجلاس، ارکان نے عمران خان کو صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار دیدیا۔
عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں پرویز خٹک، اسد قیصر ، علی امین گنڈا پور، عاطف خان اور تیمور جھگڑا شریک ہوئے۔
پشاور(نمائندہ قائم علی شاہ)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا کی قیادت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کا اختیار دے دیا۔عمران خان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کی قیادت کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پرویز خٹک، اسد قیصر ، علی امین گنڈا پور، عاطف خان اور تیمور جھگڑا شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور ارکان نےعمران خان کو اسمبلی تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کا اختیار دے دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا تھاکہ تمام اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔