28/09/2025
پشاور پولیس کا ڈانس پارٹیوں پر کریک ڈاؤن، درجنوں نوجوان گرفتار
یہ اقدامات موجودہ سی سی پی او کی ہدایات پر کیے گئے، جنہوں نے پشاور کو منشیات، فحاشی اور قبضہ مافیا سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے،
پشاور (کامران گل) صوبائی دارالحکومت پشاور میں فحاشی کے اڈوں کے خلاف جاری مہم کے بعد پولیس نے اب پرائیویٹ ڈانس پارٹیوں کے خلاف بھی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ پولیس نے پھندو اور شاہ پور کے علاقوں میں محفلِ شراب و رقص پر چھاپے مار کر درجنوں منچلوں اور متعدد خواتین کو گرفتار کرتے ہوئے شراب، اور منشیات برآمد لیں ہیں گرفتار نوجوانوں پرمقدمات درج کرنے کے بعد ان کو پابندِ سلاسل کر دیا گیا ہے پہلی کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ پھندو نے رات گئے ایک پرائیویٹ ڈانس پارٹی پر چھاپہ مارا، جہاں سے تقریباً دو درجن نوجوانوں سمیت تین ڈانسرز کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ شراب اور منشیات بھی برآمد کرلی اسی طرح دوسری کارروائی میں تھانہ شاہ پور پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈالتے ہوئے جاری ڈانس پارٹی پر چھاپہ مار کر متعدد نوجوانوں کو چار خواتین کے ہمراہ گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے گئے ذرائع کے مطابق ان محفلوں میں چند سرکاری اہلکار بھی شامل تھے تاہم پولیس نے دباؤ اور سفارشوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کرلیے یہ اقدامات موجودہ سی سی پی او کی ہدایات پر کیے گئے، جنہوں نے پشاور کو منشیات، فحاشی اور قبضہ مافیا سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اپنے ماتحت افسران کو واضح پیغام دیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی عوامی حلقوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ ان آپریشنز سے معاشرتی برائیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ یاد رہے کہ ان ڈانس پارٹیوں کے حوالے سے پولیس کو کافی عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھیں جن کی بنیاد پر یہ کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔