
19/02/2025
جب طوفانوں میں چراغ جلائے جاتے ہیں، جب راکھ میں چنگاریاں ڈھونڈی جاتی ہیں، جب اندھیروں میں امید کے دیے جلتے ہیں، تب ہی تاریخ نئے باب لکھتی ہے۔
پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور یادگار لمحہ قریب ہے، وہ لمحہ جس کا انتظار ہر پاکستانی شائق نے سالوں کیا، وہ لمحہ جب دنیا کو یہ احساس ہوگا کہ پاکستان کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں، بلکہ ایک جذبات، ایک جنون، اور ایک خواب کی تکمیل ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کل کراچی کے شاندار اسٹیڈیم میں اپنے پہلے میچ سے روشنی بکھیرے گی، جہاں میزبان پاکستان کا سامنا نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
یہ کوئی عام میچ نہیں، یہ پاکستان کرکٹ کی جیت کا اعلان ہے، یہ ان لوگوں کے لیے پیغام ہے جو سمجھتے تھے کہ پاکستان کی کرکٹ ختم ہو چکی، یہ ان شکاریوں کے لیے انتباہ ہے جو پاکستان کو تنہا کرنا چاہتے تھے، اور یہ ان دیوانوں کے لیے خوشخبری ہے جو دن رات کرکٹ کے نام پر جیتے ہیں!
یہ اس امید کی جیت ہے جو سالوں تک ہمارے دلوں میں جلتی رہی، یہ ان خوابوں کی تعبیر ہے جو کبھی ناممکن لگتے تھے۔ یاد کرو وہ وقت جب ہمارے میدان ویران تھے، جب سٹیڈیم کی کرسیاں چیخ چیخ کر سوال کرتی تھیں کہ وہ دن کب آئے گا جب یہاں پھر سے تالیوں کی گونج سنائی دے گی؟ کب پھر یہ پچے گواہ بنیں گی کہ دنیا کے بہترین کرکٹرز ہمارے میدانوں پر کھیلیں؟
وہ دن آ چکا ہے! وہ دن جب پاکستان کی سرزمین پھر سے کرکٹ کی دھڑکن بنے گی، جب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہزاروں تماشائی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے نعرے لگائیں گے، جب گرین شرٹس کا جذبہ پوری دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ پاکستان زندہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا!
یہ صرف ایک ایونٹ نہیں، یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں، یہ اس بات کا اعلان ہے کہ پاکستان کرکٹ کا سورج دوبارہ طلوع ہو چکا ہے! جب ہماری ٹیم کل گراؤنڈ میں اترے گی تو صرف گیارہ کھلاڑی نہیں، بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی دعائیں، امیدیں اور خواب بھی ان کے ساتھ اتریں گے۔
یہ ہمارا میدان ہے! یہ ہماری دھرتی ہے! یہ ہمارا وقت ہے!
آؤ، اپنی ٹیم کا ساتھ دو، اپنی سرزمین کے لیے نعرے لگاؤ، اپنی کرکٹ کو عزت واپس دلاؤ، کیونکہ یہ وہ لمحہ ہے جو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا!
*پاکستان زندہ باد! 💚
CREAT BY SHERAZ AHMAD-!