29/08/2026
102 پولیس اہلکاروں کی جبری ضلع بدری کے خلاف 4 ستمبر کو ٹانک کچہری میں اہم اجلاس طلب
جنوبی وزیرستان اپر: آرڈر لیٹر نمبر 530، مورخہ 29 جون 2026ء کے تحت جنوبی وزیرستان اپر سے جنوبی وزیرستان لوئر تبدیل کیے جانے والے 102 پولیس اہلکاروں نے اپنی مبینہ غیر قانونی و جبری ضلع بدری کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے 4 ستمبر کو ٹانک کچہری میں ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
متاثرہ پولیس اہلکاروں کے مطابق مذکورہ تبادلوں کے حوالے سے اپنے تحفظات اور قانونی مؤقف پر غور کے لیے تمام 102 اہلکار اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل اور متعلقہ حکام کے سامنے معاملہ اٹھانے کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
پولیس اہلکاروں نے جنوبی وزیرستان اپر کے تمام سیاسی و سماجی عمائدین، منتخب نمائندوں، وکلاء، صحافیوں اور سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ 102 متاثرہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں۔
اجلاس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ اجتماع کسی فرد یا ادارے کے خلاف نہیں بلکہ متاثرہ اہلکاروں کے مؤقف کو سامنے لانے اور مبینہ جبری ضلع بدری کے معاملے پر آئینی و قانونی راستہ اختیار کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کا شیڈول
تاریخ: 4 ستمبر 2026ء
وقت: صبح 9:00 بجے
مقام: ٹانک کچہری
متاثرہ اہلکاروں نے تمام متعلقہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کرتے ہوئے اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں تاکہ معاملے پر مشترکہ اور مؤثر آواز بلند کی جا سکے۔