14/10/2025
ضلع کرم، تحصیل سنٹرل کرم میں حالات کشیدہ، عوام کی نقل مکانی شروع
ضلع کرم کی تحصیل سنٹرل کرم میں حالات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث مقامی آبادی نے اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کئی خاندان پہلے ہی اپنے ضروری سامان کے ساتھ علاقے سے نکل چکے ہیں، جبکہ باقی لوگ شدید خوف و اضطراب کا شکار ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ مسلسل گولہ باری اور سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال نے انہیں ہجرت پر مجبور کر دیا ہے۔
مقامی باشندوں نے شکوہ کیا ہے کہ ریاست عوام کے تحفظ میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ برسوں سے پرامن زندگی گزارنے والے لوگ اب بے گھر ہونے پر مجبور ہیں۔
اہلِ علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حالات کو قابو میں لائے، عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے، اور متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کرے۔