19/10/2025
چار سدہ نے سنسنی خیز کبڈی مقابلے میں پشاور کو شکست دیدی
رپورٹ: حافظ محمد عمران
پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی) کے تعاون سے صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک شاندار کبڈی میچ میں چار سدہ نے پشاور کو 25 کے مقابلے میں 30 پوائنٹس سے شکست دے کر میدان مار لیا۔ یہ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ شائقینِ کبڈی کے لیے بھرپور تفریح کا باعث بنا۔
میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، وقفے وقفے سے پوائنٹس کا تبادلہ ہوتا رہا، تاہم آخری لمحات میں چار سدہ کی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے برتری حاصل کر لی اور میچ اپنے نام کر لیا۔ کھلاڑیوں کی مہارت، پھرتی اور طاقت نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے۔
خیبر پختونخوا کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید سلطان بری نے دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے مقابلے صوبے میں کبڈی کے فروغ کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی کوشش ہے کہ خیبر پختونخوا کے ہر ضلع میں کبڈی کے مقابلے منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع مل سکیں۔
سید سلطان بری جو خود ایک سابق بین الاقوامی کبڈی پلیئر اور کوالیفائیڈ امپائر ہیں، نے ایس آر ایس پی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد سے نہ صرف کبڈی جیسے روایتی کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے بلکہ مقامی کھلاڑیوں میں کھیل کے جذبے کو بھی تقویت مل رہی ہے۔
یہ ایونٹ اس بات کی علامت ہے کہ خیبر پختونخوا میں روایتی کھیل اب دوبارہ مقبولیت حاصل کر رہے ہیں، اور صوبے کے نوجوان کھلاڑی کبڈی کے میدان میں اپنے عزم اور صلاحیتوں سے کھیل کے مستقبل کو روشن کر رہے ہیں۔
#کبڈی #پشاور