
18/06/2025
پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کی وکلا ونگ کا اجلاس بدنظمی کا شکار، ینگ وکلاء نے صدر گوہر رحمان خٹک کو خطاب سے روک دیا
پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کی وکلا ونگ کے اجلاس میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، جہاں ینگ وکلاء نے صوبائی صدر گوہر رحمان خٹک کو خطاب سے روک دیا۔ اجلاس کا ماحول اس وقت کشیدہ ہوا جب نوجوان وکلاء نے قیادت پر عدم مشاورت، نظر انداز کیے جانے اور تنظیمی امور میں شفافیت نہ ہونے پر احتجاج شروع کیا۔
ینگ وکلاء کا مؤقف تھا کہ پارٹی کی وکلا ونگ میں چند افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ حقیقی کارکنوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس کو وقتی طور پر ملتوی کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اندرونی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے وکلا ونگ کی تنظیم نو کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔