01/07/2025
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسے تمام افراد /گروہوں کو متنبہ کیا ہے کہ اپنی گاڑیوں سے پارٹی جھنڈے کو فوری ہٹائے جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں بصور ت دیگر پارٹی قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف سماجی، معاشرتی سرگرمیوں کے دوران بعض افراد وگروہ اپنی گاڑیوں میں پارٹی جھنڈیاں رکھ کر خود کو پشتونخوامیپ کا رہنماء ظاہر کرتے ہیں اور سادہ لوح لوگوں کے ذاتی فیصلوں میں ثالث بن کر فیصلے کررہے ہیں ایسے لوگوں کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
پارٹی تمام صوبے میں اپنے ضلعی دفاتر اور تحصیل،علاقائی وابتدائی یونٹس کو وجود رکھتی ہے جہاں عوامی مسائل کو حل کرنے، آپس کی ذاتی رنجشوں کے خاتمے، اتحاد،صلح اور دیگر سیاسی، سماجی، معاشرتی سرگرمیوں پر انتہائی باریکی کے ساتھ ہر پہلو کو مد نظر رکھ کر لوگوں کی آپس میں قربتوں کا خاتمہ اور انہیں بغیر کسی بھی مفادولالچ شیر وشکر کرنے کے لیے کوشش کی جاتی ہے۔
لیکن کوئٹہ شہر میں مختلف شاہراہوں، چوراہوں پر پارٹی جھنڈے لگاکر پوٹریٹ تصاویر آویزاں کرنے، لوگوں کے مسئلوں میں جاکر خود کو پارٹی نمائندہ ظاہر کرنا نہ صرف پشتنی بلکہ اخلاقی طور پر ناقابل قبول عمل ہے اور جُرم کے مترادف ہے۔
بیان میں ایسے تمام افراد کو ایک بار پھر متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ پارٹی جھنڈے رکھ کر پارٹی کا نام غلط طور پر استعمال کرنے سے گریز کرے اور عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ جو کوئی پارٹی نمائندگی کی بنیاد پر خود کو پیش کرے آپ کا فریضہ ہے کہ پہلے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ضلعی دفاتر سے رابطہ کریں تا کہ آپ کی رہنمائی کی جاسکے اور ایسے عناصر جن کا پارٹی سے کوئی تعلق ہی نہیں ان کی دروغ گوہی، فریب، دھوکہ دہی سے محفوظ رہ سکے۔