22/01/2026
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر *میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ* بمعہ کابینہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گرینڈ الائنس اور حکومت کے درمیان پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا پائیدار، مؤثر اور قابلِ قبول حل صرف اور صرف آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے باہمی بات چیت، افہام و تفہیم اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی واضح رائے ہے کہ حکومت کو فوری طور پر گرینڈ الائنس کے نمائندوں کے ساتھ بامقصد، سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے تاکہ سرکاری ملازمین کے آئینی، قانونی اور جائز مطالبات کو خوش اسلوبی اور باہمی رضا مندی کے ساتھ حل کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اعتماد سازی کے عمل کے طور پر گرفتار سرکاری ملازمین کی فوری اور بلا مشروط رہائی، معطل شدہ ملازمین کی بحالی، اور احتجاج سے متعلق تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا ناگزیر ہے تاکہ صوبے میں مزید کشیدگی، بے چینی اور بداعتمادی کو روکا جا سکے۔
صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ بار ایسوسی ایشن ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، اور اگر ضرورت پیش آئی تو ایک غیرجانبدار ثالث کے طور پر اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کرنے کے لیے بھی آمادہ ہے، تاکہ اس مسئلے کا پرامن، قانونی اور دیرپا حل نکالا جا سکے جو تمام فریقین کے لیے قابلِ قبول ہو۔
ترجمان
*بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن*