
08/03/2025
*گورنر بلوچستان // خواتین کا عالمی دن پیغام*
کوئٹہ 8 مارچ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری ہی ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے اور دیگر تمام حقوق اور انتخاب کے حصول کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ کوئی بھی قوم اس وقت تک حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کر سکتی جب تک خواتین تعمیر و ترقی کے حصول میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نہ ہوں۔ آج کی جدید دنیا میں یہ بات بڑے پیمانے پر تسلیم کی جاتی ہے کہ سماجی اور معاشی ترقی میں خواتین اور مردوں کا یکساں حصہ ہے۔ سیاسی، معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں خواتین کی بھرپور شرکت اور شمولیت کو یقینی بنا کر ہی قومی خوشحالی اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بہت زیادہ عزت دی جاتی ہے اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد ہماری قومی اقدار کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے تاہم اپنی بے پناہ صلاحیتوں کے باوجود خواتین کو اکثر غربت اور مواقع کی کمی جیسی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ بلوچستان کے دیہی علاقوں میں تعلیم یافتہ خواتین کے تناسب اور صوبے بھر کی یونیورسٹیوں میں خواتین کے داخلے میں قابل ذکر اضافہ کے ساتھ نمایاں بہتری آئی ہے. اسی رفتار کو آگے بڑھانے کیلئے خواتین کی معاشی بااختیار بنانے، سماجی تحفظ اور وقار کو فروغ دینے کیلئے ایک مضبوط عوامی بیداری مہم ضروری ہے۔ یہ ہمارا اجتماعی قومی فرض ہے کہ ہم خواتین کو سماجی تحفظ فراہم کریں، حقیقی سماجی ترقی کی راہ ہموار کریں۔