
09/10/2023
مئے مڈل سکول نیو کاہان کے طلبا اور اہلیان علاقہ کی جانب سے آج نیو کاہان میں واقع سکول میں کیو ڈی اے کی مداخلت اور سکول پرنسپل کی گرفتاری اور کئی گھنٹوں تک تشدد کے خلاف احتجاجاً روڈ بلاک کر دیا گیا۔
کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آج مئے مڈل سکول نیو کاہان ہزارگنجی کوئٹہ کے طلبا اور اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جلد از جلد اس سکول کے عمارت کو خالی کرانے کی دھمکی دی گئی جس کے خلاف اہلیان نیو کاہان اور سکول طلبا کی جانب سے قریبی روڈ کو ٹائر جلا کر احتجاجاً بلاک کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ اس ادارےکی 1993 میں مرحوم نواب خیربخش مری کے مشورے اور اہلیان نیو کاہان کی اپنی مدد آپ کے تحت بنیاد رکھی گئی، جس سے اب تک ہزاروں کی تعداد میں طلبا فارغ التحصیل ہو چکے ہیں اور مختلف کالجز اور یونیورسٹیز سے گریجویشن کے بعد مختلف شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ لیکن انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ کیو ڈی اے کا انسانیت کی تمام حدیں پار کر کے سکول کے تیس سالہ قومی خدمت کو نظر انداز کر کے سکول کو قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
طلبا اور اہلیان علاقہ کی جانب سے حکومت وقت اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی گئی کہ کیو ڈی اے جیسے قبضہ مافیاز کو تعلیم دشمن پالیسیوں سے باز رہنے کے لئے لگام دی جائے۔