29/05/2026
چمن جلسہ: نواب ایاز جوگیزئی کا بی ایل اے کو سخت پیغام، پشتون علاقوں میں کارروائیوں سے گریز کی وارننگ
چمن میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی نے بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ واقعات پر اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں مسلح تنظیموں کی سرگرمیوں کے باعث امن و امان متاثر ہو رہا ہے اور خاص طور پر پشتون آبادی والے علاقوں میں تشدد کے واقعات قابلِ تشویش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی تحریک یا جدوجہد میں مقامی پشتون آبادی رکاوٹ نہیں بن رہی تو انہیں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
نواب ایاز جوگیزئی نے خبردار کیا کہ کوئٹہ، سبی، ہرنائی، دکی اور موسیٰ خیل جیسے علاقوں میں عام شہریوں، مزدوروں کے اغوا، مقامی افراد کے قتل اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے جیسے واقعات کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ مسلح تنظیمیں خصوصاً بی ایل اے کو چاہیے کہ وہ شہری آبادی کو کسی بھی کارروائی کا نشانہ نہ بنائیں اور علاقے کے امن کو متاثر کرنے سے گریز کریں۔
جلسے کے دوران انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن صرف سیاسی مکالمے اور شہریوں کے تحفظ سے ہی ممکن ہے، جبکہ تشدد کا تسلسل خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتا ہے۔