15/07/2026
"زیارت کا دھرنا اب لواحقین کا نہیں، سیاست کا دھرنا بن چکا ہے"
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان نور محمد دومٹر نے کہا ہے کہ زیارت واقعے پر جاری دھرنا اپنے اصل مقصد سے ہٹ چکا ہے اور اب یہ متاثرہ خاندانوں کے بجائے سیاسی مفادات کا پلیٹ فارم بنتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لواحقین پس منظر میں چلے گئے ہیں جبکہ مختلف سیاسی عناصر دھرنے کو اپنے بیانیے اور سیاست چمکانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
نور محمد دومٹر نے کہا کہ حکومت واقعے کی شفاف، غیرجانبدار اور مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔ اگر تحقیقات میں کسی بھی ادارے کا کوئی اہلکار، چاہے اس کا تعلق ایف سی، پولیس یا کسی اور سرکاری ادارے سے ہو، غفلت یا ملوث ہونے کا ذمہ دار ثابت ہوا تو اس کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے توجہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے پر ہونی چاہیے۔ حکومت کی اولین ترجیح شہداء کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنا، حقائق سامنے لانا اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔