
28/09/2025
کوئٹہ باپ پارٹی کی سینیٹر سابق رکن قومی اسمبلی روبینہ عرفان کا مستعفی ہونے کا اعلان, تحریری استعفیٰ میں پارٹی سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
کوئٹہ(بولتا بلوچستان ویب میڈیا) بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی سینیٹر روبینہ عرفان نے پارٹی سے اپنے استعفے کا باضابطہ اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ استعفیٰ ایک خط کی صورت میں پارٹی صدر کو ارسال کیا، جو گلے شکووں اور شفاف مؤقف سے مزیّن ہے۔
سینیٹر روبینہ عرفان نے اپنے استعفے میں تحریر کیا کہ پارٹی کی اندرونی آوازوں کو اکثر نظرانداز کیا گیا اور اجتماعی فورم کے وعدے پورے نہ ہوسکے۔ ان کے بقول باپ پارٹی بلوچستان کی سیاسی و عوامی حقیقتوں کو بطور ایک منظم سیاسی جماعت اجاگر کرنے میں ناکام رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی کارکردگی سے وہ سخت مایوس ہیں اور اسی باعث سیاسی وابستگی ترک کرنے پر مجبور ہوئی ہیں۔ روبینہ عرفان نے اپنے خط میں شکوہ کیا کہ قیادت نے بنیادی مسائل پر کان نہ دھرے، جس کے نتیجے میں پارٹی اپنے اصل مقاصد سے دور جاچکی ہے۔
سینیٹر روبینہ عرفان کا یہ استعفیٰ بلوچستان کی سیاسی فضا میں ایک نئی ہلچل کا باعث بن گیا ہے اور مبصرین کے مطابق اس کے اثرات صوبائی سیاست پر نمایاں طور پر مرتب ہوں گے۔