31/07/2025
کلچر سیکرٹری بلوچستان کا اعلان: فلم سازوں کی باضابطہ رجسٹریشن اور ممبرشپ کارڈ جاری ہوں گے
کوئٹہ (مسائل نیوز/صاحبزادہ عتیق خان) کلچر سیکرٹری بلوچستان سہیل الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کے فلم سازوں کو کلچر ڈیپارٹمنٹ میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کیا جائے گا اور انہیں ممبرشپ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فلم میکرز کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی اور کلچر ڈیپارٹمنٹ کے دروازے ہمیشہ ان کے لیے کھلے رہیں گے۔
سیکرٹری کلچر سہیل الرحمن کی آرٹ اور ثقافت کے فروغ کے لیے کاوشوں کو فلم ساز برادری نے بے حد سراہا ہے۔ سہیل الرحمن نہ صرف فلم انڈسٹری کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں بلکہ فلم سازوں کو قومی سطح پر پہچان دلانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
یہ تاریخی کامیابی بی آرٹ فاؤنڈیشن کے سی ای او جمیل احمد لہڑی، ڈائریکٹر نصیر رند، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صاحبزادہ عتیق اللہ نورزئی اور سینئر آرٹسٹ آفتاب جبل کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ خاص طور پر آفتاب جبل نے فلم سازوں کے حقوق کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی اور اپنی رہنمائی سے اس فیصلے کو ممکن بنایا۔
یہ فیصلہ بلوچستان کے فلم سازوں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے جو نہ صرف فلم انڈسٹری کو فروغ دے گا بلکہ انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مزید مضبوط کرے گا۔