03/07/2026
*کوئٹہ چیمبر میں شاہراہوں کی سیکیورٹی اور کانوائے سسٹم پر اہم اجلاس، بزنس کمیونٹی کو جلد ریلیف کی یقین دہانی.*
کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں آل بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر حاجی محمد ایوب خان مریانی نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ میر یاسین مینگل ودیگر بزنس کمیونٹی اور ٹرانسپورٹرز نے بلوچستان کی شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں، بسوں اور مسافروں کو درپیش سیکیورٹی مسائل، لوٹ مار اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات اور کمشنر شاہ زیب خان کاکڑ نے یقین دہانی کرائی کہ عوام اور کاروباری برادری کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تفتان سے کوئٹہ اور دیگر علاقوں تک مال بردار گاڑیوں کی محفوظ آمد و رفت کے لیے کانوائے سسٹم جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ پاک فوج، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے شاہراہوں پر سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے۔ حکام نے متاثرہ خاندانوں کے معاوضوں اور بزنس کمیونٹی کے دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔۔۔