
06/08/2025
*صوبائی اسمبلی بلوچستان کے کونسل آف چیئرپرسنز کا اجلاس*
مورخہ :5 اگست 2025
بمقام: پی سی ہوٹل، بھوربن,مری
پاکستان ادارہ برائے پالیمانی خدمات، اسلام آباد (PIPS) نے، یورپی یونین کے تعاون سے چلنے والے منصوبے "مستحکم پارلیمان" (MuP) کے اشتراک سے، صوبائی اسمبلی بلوچستان کے چیئرپرسنز کی کونسل کا دو روزہ مشاورتی اجلاس 5 اور 6 اگست 2025 کو پی سی ہوٹل، بھوربن ، مری میں منعقد کیا۔
اجلاس کا موضوع "مضبوط کمیٹیاں و مضبوط قانون ساز ادارہ" تھا ۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد چیئرپرسنز کےکونسل کو قواعدِ کار میں بہتری اور اپنی ذمہ داریاں جماعتی وابستگی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ادا کرنے کے بہترین طریقوں پر غور و فکر کا موقع فراہم کرنا تھا۔
محترمہ ثمر اویس، ڈائریکٹر جنرل (پی ڈی پی)، PIPSنے معزز چیئرپرسنز اور ممتاز ماہرین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے شرکاء کو پروگرام کے مقاصد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس موضوع پر یہ دوسری ورکشاپ ہے اور پہلا پروگرام پنجاب اسمبلی کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔
PIPS کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، جناب عاصم خان گورایہ نے اپنے اظہار خیال میں معزز اسپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان، کیپٹن عبدالخالق خان اچکزئی کی موجودگی کو سراہا اور کہا کہ ان کی ترقی پسند قیادت اور ادارہ جاتی سیکھنے سے وابستگی قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں قانون ساز کمیٹیاں خاموشی سے لیکن مؤثر انداز میں حکمرانی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی آئی ہیں۔ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد، صوبائی سطح پر مالی و انتظامی ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں، اس لیے کمیٹی چیئرپرسنز کو بااختیار بنانا مؤثر احتساب اور خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔
یورپی یونین کے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے، مستحکم پارلیمان کے قائم مقام ٹیم لیڈجناب اعزاز آصف نے ورکشاپ کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ منتخب نمائندے ایک اہم ذمہ داری کے حامل ہوتے ہیں کیونکہ عوام اپنی مشکلات کے حل اور مسائل کے ازالہ کے لیے انہی کی طرف دیکھتے ہیں۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں معزز اسپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان، کیپٹن عبدالخالق خان اچکزئی نے PIPS اور مستحکم پارلیمان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم پروگرام کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مؤثر حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے اسمبلی کی کمیٹیوں کی جانب سے متعدد اقدامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں۔
اس دو روزہ اجلاس کے دوران، شرکاء قانون سازی کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی کمیٹیوں کے کردار اور مؤثریت میں اضافے کے موضوع پر تفصیلی مشاورت میں حصہ لیں گے۔