13/07/2025
🗣️ عوامی آواز: ڈنہ نمبر چار اسکول میں تقریب، لیکن اسکول کی حالت اب بھی ویسی کی ویسی!
ڈنر نمبر چار، حلقہ نمبر تین، آزاد کشمیر:
یہ سن کر دل خوش ہوا کہ ہمارے قابل احترام ماسٹر رفیق صاحب کی ریٹائرمنٹ پر 15 جولائی کو ایک شاندار تقریب رکھی جا رہی ہے جس میں حلقے کے ایم ایل اے، سردار حاجی یعقوب صاحب کی آمد متوقع ہے۔ ماسٹر صاحب کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں، انہوں نے تعلیم کے میدان میں جو چراغ جلایا وہ آج بھی روشنی دے رہا ہے۔
لیکن دوسری طرف عوام کے دل میں ایک زخم پھر سے ہرا ہو گیا ہے – وہی اسکول، وہی عمارت، وہی خستہ حال دیواریں، اور وہی ٹوٹی چھتیں۔ آج بھی ہمارے بچے اسی اسکول میں بیٹھتے ہیں جہاں نہ مناسب کلاس روم ہیں، نہ بیٹھنے کا بندوبست، نہ ہی بنیادی سہولیات۔
کیا یہ وہی اسکول نہیں جس کے لیے ہمارے نوجوانوں نے پرامن احتجاج کیا تھا؟ جس پر انہیں رمضان کے مہینے میں گرفتار کر کے تھانے میں پانچ دن رکھا گیا؟ کیا ان کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ اپنی نسلوں کے لیے ایک بہتر تعلیمی ماحول مانگ رہے تھے؟
تاہم، اسی اسکول کی خستہ حالی اور عدم تعمیر پر علاقے کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل جب سردار حاجی یعقوب صدر ریاست تھے، تب اس اسکول کی تعمیر کے لیے پرامن احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج میں شامل کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں انہیں پانچ روز تک تھانے میں رکھا گیا۔ اس واقعے کو عوام آج بھی زیادتی اور ناانصافی کی علامت سمجھتے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں یہ واحد اسکول ہے جو تاحال ایرا یا سرا جیسے تعمیراتی منصوبوں میں شامل نہ ہو سکا۔ اسکول کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے اور بچے آج بھی بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔ کلاس رومز کی کمی، بیٹھنے کے نامناسب انتظامات اور ناقص عمارت والدین اور طلبہ کے لیے شدید پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
علاقے کے بزرگ اور نوجوان آج بھی اس ناانصافی کو نہیں بھولے۔ سردار حاجی یعقوب صاحب کی آمد پر عوام بھرپور انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں – پر امن طریقے سے، لیکن مؤثر انداز میں۔
یہ سوال آج ہر ماں کے دل میں ہے: کیا میرے بچے کو بھی وہی پرانی چھت تلے بیٹھ کر خواب دیکھنے ہوں گے؟
منجانب عوامی علاقہ ڈنر نمبر چار