04/08/2026
پریس ریلیز
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے شیرقلعہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی
گلگت، 4 اگست: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ضلع غذر کے علاقے شیرقلعہ کے مواضعات رشمل، راناسوٹ اور قائداس میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے اچانک سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA)، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں، محکمہ صحت، محکمہ تعمیرات عامہ، محکمہ برقیات، محکمہ آب رسانی اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پہنچ کر متاثرہ خاندانوں کو خوراک، خیمے، ادویات اور دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا جائے اور عوام کو ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق:
رشمل میں 4 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔
راناسوٹ میں 3 مکانات مکمل جبکہ ایک مکان جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔
قائداس (موس محلہ) میں 2 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ ایک مکان جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔
اس کے علاوہ تینوں مقامات پر بجلی کی فراہمی معطل، پینے کے پانی کی اسکیموں کو نقصان، مرکزی رابطہ سڑک متاثر اور چار آبپاشی نہریں بھی سیلاب سے تباہ ہوئی ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تمام متاثرہ علاقوں کا فوری اور جامع سروے مکمل کرکے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی، معاوضے اور بنیادی انفراسٹرکچر کی جلد از جلد بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر امدادی، بحالی اور تعمیرِ نو کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔