14/09/2025
ریشن اپر چترال کے نوجوان فٹبالر حسنین ولی رضا ایک بار پھر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سری لنکا روانہ
اپر چترال (رپورٹ شہزاد احمد)
ریشن اپر چترال کے ہونہار نوجوان فٹ بال کھلاڑی حسنین ولی رضا نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کی فٹ بال ٹیم میں جگہ بنا لی ہے۔ حسنین بچپن ہی سے فٹ بال کے دلدادہ رہے ہیں اور اپنے بے پناہ جذبے، لگن اور انتھک محنت کی بدولت آج وہ ملک کے لیے کھیلنے کا اعزاز حاصل کر رہے ہیں۔
سال 2023 میں حسنین نے انڈر 14 ٹیم کے ہمراہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نیپال میں منعقدہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔ اب 2025 میں وہ ایک بار پھر انڈر 17 ٹیم کا حصہ بن کر سری لنکا میں جاری SAFF U-17 چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز 16 ستمبر کو بھوٹان کے خلاف میچ سے کیا ہے۔ شائقینِ فٹ بال خصوصاً چترال کے عوام حسنین اور ٹیم پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ "ہرے رنگ کے یہ ستارے" شاندار کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
چترال جیسے پسماندہ اور دور افتادہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک کھلاڑی کا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنا نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ حسنین کی لگن، انتھک محنت اور کھیل کے میدان میں غیر معمولی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ باصلاحیت نوجوان اگر مواقع پائیں تو وہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔