27/07/2024
ڈائیٹ یا بھوکا رہنا ؟؟؟؟ وزن کم کیسے ہوتا ہے؟
وزن کم کرنے کے بارے میں عام تصور یہ ہے کہ ڈائیٹ کر لیں اور ڈائیٹنگ کا عمومی مطلب کھانا پینا چھوڑ دینا ہے، جو کہ بالکل غلط ہے۔ ڈائیٹ ویٹ لاس جرنی کا ایک ضروری جزو ضرور ہے لیکن ویٹ صرف ڈائیٹ سے کم نہیں ہوتا۔ ڈائیٹنگ کا مطلب یہ ہے کہ آپ جو خوراک کھا رہے ہیں اسے اپنی جسمانی ضروریات کے لحاظ سے بدل کر وہ چیزیں کھائیں جو آپ کے وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں اور صحت بھی کمزور نہ ہو۔ وزن کم کرنے کے لیے کیلوریز کی مقدار کو کم کرنا ضروری ہوتا ہے۔ کیلوریز کی مقدار کا مطلب ہے کہ آپ روزانہ کتنی توانائی لیتے ہیں اور کتنی خرچ کرتے ہیں۔
ہر شخص کے لیے درکار کیلوریز کی مقدار مختلف ہوتی ہے جو کہ ان کی عمر، جنس، وزن، قد اور جسمانی سرگرمیوں پر منحصر ہوتی ہے۔ جسم کے لیے درکار کیلوریز معلوم کرنے کا طریقہ گوگل سے آن لائین باآسانی دیکھا جاسکتا ہے ۔
اس فارمولے کو استعمال کرتے ہوئے اپنی کیلوریز کی مقدار معلوم کرنے کے بعد، آپ کو اپنی ڈائیٹ کو اس طرح ترتیب دینا ہوگا کہ آپ کی کیلوریز کی مقدار کم ہو لیکن غذائیت بھرپور ہو۔ ڈائیٹ میں پروٹین، فائبر، صحت مند چکنائیاں اور کاربوہائیڈریٹس کو متوازن رکھیں۔ مثلاً، سبزیوں، پھلوں، دالوں، چکنائی کم گوشت اور صحت مند چکنائیوں کو شامل کریں۔ پانی اور قہوے کا استعمال زیادہ کریں ۔
مہنگے ڈائیٹ پلان یا بے تکا جم ورک آوٹ آپ کو وزن کم کرنے نہیں دے گا کیونکہ ڈائیٹیشن اور جم دونوں دکاندار کبھی اپنی دکان کا نقصان نہیں چاہتے ۔ ڈائیٹ پلان صرف مہنگی خوراک جیسا کہ آج کل فیشن ہو گیا ہے کہ ہر کوئی ڈائٹ پلان میں چیا سیڈ ، قنوا اور گرل متن یا چکن یہ سوچے بغیر بتائے جا رہا کہ اگلے کی جیب اس کی اجازت بھی دے گی یا نہیں۔
یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی ڈائیٹ کو ایک طویل مدتی منصوبے کے طور پر دیکھیں نہ کہ عارضی حل کے طور پر۔ وزن کم کرنے کے لیے مستقل مزاجی اور درست خوراک کا استعمال ضروری ہے۔ یاد رکھیں کہ صحت مند اور متوازن خوراک ہی آپ کی بہترین دوست ہے