10/04/2025
ساہیوال( ) عوام کو بہترسفری سہولیات کی فراہمی کے لئے ساہیوال ڈویژن میں 41ارب 74کروڑ 65لاکھ روپے مالیت کے 16میگا پراجیکٹ مکمل کئے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے مسافروں کو بین الضلاعی سفر میں بڑی آسانی ہوگی۔ ان منصوبوں میں 17ارب 16کروڑ41لاکھ روپے سے5منصوبے ضلع ساہیوال، 6ارب 79کروڑ66لاکھ روپے سے 5منصوبے ضلع اوکاڑہ اور17ارب 78کروڑ57لاکھ روپے سے 6منصوبے ضلع پاکپتن میں مکمل کئے جارہے ہیں۔یہ بات ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے ساہیوال ڈویژن میں روڈ سیکٹر کے جاری میگا پراجیکٹس کی تفصیل دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال کے دو بڑے منصوبے ایک ارب 98کروڑ84لاکھ روپے کی لاگت سے 14کلومیٹر ساہیوال بائی پاس اور4ارب59کروڑ62لاکھ روپے سے شیخ فاضل چیچہ وطنی 24کلو میٹر ڈبل کیرج وے مکمل ہوچکے ہیں جس سے بہاولنگر، وہاڑی،بورے والا، عارفوالا اور پاکپتن کے رہائشیوں کو بھی بڑی سہولت میسر آئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک ارب روپے کی لاگت سے 26کلو میٹر اڈا شبیل یا ہڑپہ بائی پاس براستہ مالن شاہ چوک بھی سڑک کی مرمت کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ عارف والا ساہیوال اور پاکپتن ساہیوال بین الضلاعی شاہراہوں کی کارپٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ارب 11کروڑروپے کی لاگت سے24کلو میٹر طویل دیپالپور حویلی لکھا روڈ براستہ بھمن شاہ،ایک ارب12کروڑ37لاکھ روپے سے20کلو میٹر طویل دیپالپور بصیرپور روڈ، ایک ارب روپے سے27کلو میٹر طویل رینالہ حجرہ شاہ براستہ شیر گڑھ روڈ اور ایک ارب10کروڑ روپے سے اوکاڑہ شہر کی 9 کلو میٹر اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے جبکہ 2ارب 45کروڑ 35لاکھ روپے کی خطیر رقم سے سے اوکاڑہ سید والا روڈ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے دیپالپور اور اوکاڑہ کے رہائشیوں کو موٹروے تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے مزید بتایا کہ ضلع پاکپتن میں 4ارب 22کروڑ34لاکھ روپے سے پاکپتن ساہیوال شاہراہ کی کارپٹنگ کا ضلع پاکپتن کا 40کلو میٹر حصہ مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ایک ارب 55کروڑ روپے سے37کلو میٹر چوک آرائیاں پاکپتن تا چک نمبر26/EBسڑک کی تعمیر بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2ارب 18کروڑ70لاکھ روپے سے41کلو میٹر پاکپتن مرلے روڈ، ایک ارب 54کروڑ 65لاکھ روپے سے دہلی ملتان روڈ کا ضلع پاکپتن کا حصہ اور 7ارب64کروڑ80لاکھ کی خطیر رقم سے عارفوالا بہاولنگر روڈ کاضلع پاکپتن کا 40کلو میٹر حصہ زیر تعمیر ہے۔ شفیق احمد ڈوگر نے بتایا کہ 63کروڑروپے سے دربار بابافرید گنج شکر میں بھی اضافی سہولیات کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے جسے جون2025تک مکمل کرلیا جائےگا۔